بنگلورو3؍ جولائی(ایس او نیوز ) ریاستی بی جے پی میں ابھرنے والے اختلافات ٹھنڈے ہونے کا نام نہیں رہے ہیں، پارٹی میں مخالفت کی لہر اٹھ چکی ہے اور اس کے کچھ اراکین اپنے اعلیٰ لیڈروں سے شکایت کرتے ہوئے یڈیورپا کی صدارت اور من مانی کے تعلق سے باخبر کرنے کیلئے دہلی کا رخ کرچکے ہیں۔ یڈویورپا کی مخالفت میں آج اپوزیشن لیڈر ایشورپا کی قیادت میں کچھ اراکین اسمبلی دہلی روانہ ہوچکے ہیں اور پارٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری رام لال سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں نئے سرے سے نامزد ہونے والے عہدیداروں کی خامیوں کو بیان کئے ہوئے ہیں۔ حالانکہ کل ان اختلافات کو دور کرتے ہوئے یڈویورپا کی قیادت میں خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا تھا لیکن اس نشست میں کے ایس یشورپا شامل نہیں ہوئے ۔ رام لال امیت شاہ کے قریبی لیڈروں میں شامل کئے جاتے ہیں اس لئے ایشورپا کی ٹیم نے ان سے اس بات کی شکایت کی ہے کہ یڈویورپا ریاست میں تمام معاملات اپنی اور شوبھا کرندولاجے کی مرضی سے چلارہے ہیں، دوسرے کسی لیڈر کو ترجیح دینے کیلئے وہ ہر گز بھی تیار نہیں ہے۔ دوسری جانب بی جے پی کی کرناٹک یونٹ کے صدر بی ایس یڈویورپا نے اپنے طریقہ کار کو لے کر پارٹی میں گہراتے اختلافات کے پس منظر میں خبردار کیا ہے کہ ’’پارٹی مخالف سرگرمیوں ‘‘میں شامل پائے گئے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی چاہئے وہ کتنے بھی بڑے ہوں۔ ضلع یونٹس کے صدور اور عہدیداروں کی تقرری کو لے گر یڈویورپا کے خلاف عدم اطمینان پیدا ہوا ہے۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ ایش ایشورپا کی قیادت میں بہت پارٹی عہدیداروں نے یدویورپا کے ’’یک طرفہ فیصلوں‘‘ پر کھل کر سول کھڑ ے کئے ہیں۔ یہ لوگ تقرریاں منسوخ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیںَ ان کا کہنا ہے کہ تقرریوں کو لے کر کور کمیٹی میں کوئی بحث نہیں ہوئی ، لیکن یڈویورپا نے یہ ماننے سے انکار کیا ہے۔ اپنا راخ سخت کرتے ہوئے یڈورپا نے کہا کہ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو نہیں بخشا جائے گا چاہئے وہ کتنے بھی بڑے ہوں۔ وہ پارٹی ریاستی یونٹ کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔ یڈویورپا نے کہا کہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے میں تادیبی کمیٹی کا اعلان کروں گا۔ ایشورپا اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے ۔ اجلاس میں پارٹی کے ریاستی انچارج پ مرلیدھر راؤ ، مرکزی وزیر اننت کمار ، سدانند گوڑا اور سددیشور اور سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شٹر شامل ہوئے۔